بھارتی اداکار اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی نے فلم 'ہیرا پھیری 3' کے حقوق سے متعلق جاری تنازع پر سخت قانونی انتباہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فلم کے تمام حقوق صرف اسی کمپنی کی ملکیت ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے ایک فلمی جریدے میں عوامی نوٹس شائع کیا ہے، جس میں فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ فلم کے حقوق کا دعویٰ کرنے والے کسی بھی تیسرے فریق کے ساتھ کمپنی کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کوئی معاہدہ نہ کریں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہیرا پھیری 3 کی تیاری، تقسیم، مارکیٹنگ، تجارتی استعمال اور دیگر تمام عالمی حقوق کی واحد اور خصوصی مالک اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی ہے۔کمپنی نے واضح کیا کہ جو بھی شخص یا ادارہ اس انتباہ کے باوجود کسی تیسرے فریق کے ساتھ لین دین یا معاہدہ کرے گا، وہ اس کی مکمل قانونی ذمہ داری خود اٹھائے گا، جبکہ کمپنی اپنے تمام قانونی حقوق محفوظ رکھتی ہے۔
یہ عوامی نوٹس فلمی تقسیم کاروں، سنیما مالکان، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، ٹی وی براڈکاسٹرز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اشتہاری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے نام جاری کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق 'ہیرا پھیری 3' کے حقوق کا تنازع کافی عرصے سے جاری ہے، جس میں فلم کے پروڈیوسرز اور دیگر فریقین بھی فرنچائز کی ملکیت سے متعلق اپنے اپنے دعوے کر رہے ہیں۔