بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار پریا درشن نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ سے علیحدگی اور اس کی تیاری سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
پریا درشن کے مطابق قانونی تنازعات، ذاتی اختلافات اور پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے رویے کے باعث وہ اس پراجیکٹ سے الگ ہونے پر مجبور ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں نہیں لگتا کہ ’ہیرا پھیری 3‘ کبھی بڑے پردے تک پہنچ سکے گی۔ایک انٹرویو میں ہدایت کار نے دعویٰ کیا کہ فیروز ناڈیاڈوالا نے متعدد مواقع پر ان کی توہین کی اور اکشے کمار سے بھی کہا کہ اگر فلم بنانی ہے تو ان کے بغیر بنائی جائے۔پریا درشن کے مطابق اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول نے انہیں اس فلم کی ہدایت کاری کے لیے قائل کیا تھا، اور کہانی سننے کے بعد تینوں اداکار بھی اس منصوبے پر کافی پرجوش تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کے اعلان کے بعد سیون آرٹس فلمز کی جانب سے انہیں قانونی پیچیدگیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔تاہم پریا درشن نے واضح کیا کہ ان کے اور اکشے کمار کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات بدستور قائم ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دونوں جلد ایک نئی کامیڈی فلم میں دوبارہ ساتھ کام کریں گے، جبکہ ان کی مشترکہ فلم ’حیوان‘ رواں سال 11 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔