ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ لبنان میں دیرپا امن ایران کے علاقائی کردار کو نظر انداز کر کے ممکن نہیں، کیونکہ خطے میں استحکام کے لیے ایران کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف نے یہ بات تہران میں حزب اللہ کے سینئر رہنما محمد فنیش سے ملاقات کے دوران کہی۔ محمد فنیش ایران کے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے تہران پہنچے ہوئے ہیں۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے لبنان کی موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ پیش رفت، ایران اور لبنان کے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔قالیباف نے کہا کہ ایران ہمیشہ خطے میں استحکام، امن اور مزاحمتی قوتوں کی حمایت کے مؤقف پر قائم رہا ہے، اور لبنان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایران کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسپیکر پارلیمنٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے قبل ہونے والے مذاکرات میں لبنان کی صورتحال بھی اہم موضوعات میں شامل رہی۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے کے مسائل کا پائیدار حل صرف مذاکرات، علاقائی تعاون اور باہمی احترام کے ذریعے ممکن ہے، جبکہ لبنان کے استحکام کو پورے مشرقِ وسطیٰ کے امن سے جوڑ کر دیکھا جانا چاہیے۔سیاسی مبصرین کے مطابق قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران، امریکا، لبنان اور اسرائیل سے متعلق سفارتی سرگرمیوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور خطے کے مستقبل کے سیاسی و سکیورٹی انتظامات پر مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے۔