عماد وسیم کے مبینہ افیئر کی افواہیں؛ نائلہ راجہ کی دو ٹوک تردید، معاملے پر شدید ردعمل

عماد وسیم کے مبینہ افیئر کی افواہیں؛ نائلہ راجہ کی دو ٹوک تردید، معاملے پر شدید ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کے ساتھ مبینہ افیئر کی خبروں پر آخر کار سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ نے خاموشی توڑ دی۔

نائلہ نے افواہوں کو ’بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی اور سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کو افسوسناک اور خطرناک رویہ قرار دیا۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں کہ عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان اختلافات کی وجہ عماد کا ایک خاتون سے مبینہ افیئر ہے۔ ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی جب ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں عماد وسیم کو لندن میں ایک خاتون کے ساتھ واک کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں موجود خاتون نائلہ راجہ ہیں، اور انہی کے ساتھ عماد وسیم کا رشتہ ہے۔تاہم عماد وسیم نے ان افواہوں پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا، جبکہ نائلہ راجہ نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک طویل وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاموشی اختیار کر رہی تھیں مگر معاملہ اب ذاتی حدود سے تجاوز کر چکا ہے۔

"معاملہ اب حد سے بڑھ چکا ہے"

نائلہ نے واضح کیا کہ جس ویڈیو کا حوالہ دیا جا رہا ہے، وہ دراصل ایک چشمے کی دکان کے باہر لی گئی تھی، اور اس میں دیگر افراد بھی موجود تھے جو ویڈیو بنانے والے زاویے میں نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ محض ایک اسٹوری تھی، اور اس میں کوئی خفیہ بات نہیں تھی، اسے میں نے خود شیئر کیا تھا"۔

عورت کی عزت بھی اہم ہے

نائلہ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان کی موجودگی یا ویڈیو کسی کی شادی شدہ زندگی میں بگاڑ کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا:"ہمارے معاشرے میں ہمیشہ عورت کی عزت کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے، یہ سوچے بغیر کہ اس عورت کی بھی کوئی عزتِ نفس، وقار اور زندگی ہے۔"انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ان کے بھائی کو اشتعال انگیز اور توہین آمیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی بہن کو ’قابو‘ کرے۔

سوشل میڈیا ٹرائل پر تنقید

نائلہ راجہ نے سوشل میڈیا صارفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ دوسروں کی زندگی پر بغیر کسی تحقیق یا سیاق و سباق کے تبصرے کرتے ہیں، صرف اس لیے کہ وہ خود کو اخلاقی طور پر برتر محسوس کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی رویے بعد ازاں معاشرتی جرائم جیسے کہ غیرت کے نام پر قتل اور خواتین پر تشدد کو جنم دیتے ہیں۔

"زندگی محنت اور خودداری سے بنائی ہے"

اپنے پیغام کے اختتام پر نائلہ راجہ نے کہا کہ وہ ایک خودمختار عورت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی عزت، محنت اور خودداری سے بنائی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں ان معاملات میں نہ گھسیٹا جائے جن سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ عماد وسیم کی ذاتی زندگی خبروں کی زینت بنی ہو۔ اس سے قبل ان پر ایک افغان خاتون کے ساتھ تعلقات کے الزامات بھی لگے تھے، جن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھیں۔