23 سال سے میرا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کوئی کامیاب نہیں ہوا: کرسٹیانو رونالڈو

23 سال سے میرا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کوئی کامیاب نہیں ہوا: کرسٹیانو رونالڈو

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے ناقدین کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 23 برس سے ان پر مسلسل تنقید کی جا رہی ہے اور ان کا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم کوئی بھی اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

41 سالہ رونالڈو نے اسپین کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ پہلے جیسے کھلاڑی نہیں رہے، لیکن اب بھی اپنی ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ورلڈ کپ میں وہ اب تک 3 گول کر چکے ہیں اور اپنی ذمہ داری پوری دیانت داری اور بھرپور عزم کے ساتھ نبھا رہے ہیں۔رونالڈو نے واضح کیا کہ بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ وہ خود کریں گے، کسی دوسرے شخص یا تنقید کے دباؤ پر نہیں۔انہوں نے کہا، "مسلسل تنقید نے مجھے مزید مضبوط بنایا ہے اور میں اس پر شکر گزار ہوں، کیونکہ ہر مشکل نے مجھے بہتر کھلاڑی بننے میں مدد دی ہے۔"

ورلڈ کپ سے متعلق بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ ٹائٹل جیتنا یا نہ جیتنا ان کی شخصیت یا کامیاب کیریئر کی تعریف تبدیل نہیں کرے گا، کیونکہ انہوں نے ہمیشہ اپنی پوری صلاحیت اور جذبے کے ساتھ فٹبال کھیلی ہے۔اسپین کے خلاف اہم میچ پر اظہار خیال کرتے ہوئے پرتگالی کپتان نے کہا کہ یہ ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلہ ہوگا، جس کے لیے پرتگال کو مکمل توجہ، محنت، حوصلے اور بہادری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔