کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 1100 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 86 ہزار 868 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 910 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ نئے ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ مثبت رجحان کے ساتھ ٹریڈ کرتی رہی۔دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکہ میں توقع سے کمزور روزگار کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات کم ہوئے ہیں، جس کے باعث سونے کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت مستحکم رہی، جبکہ اگست کے لیے گولڈ فیوچر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی لیبر مارکیٹ میں سست روی کے آثار سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کی جانب راغب کر رہے ہیں، جس سے سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا ہے۔