عالمی منڈی میں سونے کی قیمت دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر مستحکم

عالمی منڈی میں سونے کی قیمت دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر مستحکم

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہیں، کیونکہ امریکہ میں توقع سے کمزور روزگار کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 3,336.66 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہی، جبکہ اگست کے لیے امریکی گولڈ فیوچر 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 3,346.70 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔ماہرین کے مطابق امریکی لیبر مارکیٹ میں سست روی کے آثار نمایاں ہونے کے بعد سرمایہ کاروں نے شرح سود میں اضافے کی توقعات کم کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی طلب میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جون میں امریکہ میں ملازمتوں کی رفتار نمایاں طور پر سست رہی، جبکہ گزشتہ دو ماہ کے روزگار کے اعداد و شمار میں بھی کمی کی گئی۔ اس سے یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ مہنگائی پر دباؤ بتدریج کم ہو رہا ہے۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب شرح سود میں کمی یا اضافے کی رفتار سست ہوتی ہے تو سونا نسبتاً زیادہ پرکشش سرمایہ کاری بن جاتا ہے، کیونکہ اس پر سود حاصل نہیں ہوتا۔

سرمایہ کار اب فیڈرل ریزرو کے آئندہ اجلاس کے منٹس کے منتظر ہیں، جن کے جاری ہونے سے مستقبل کی مالیاتی پالیسی کے حوالے سے اہم اشارے ملنے کی توقع ہے۔دوسری جانب جے پی مورگن نے پیش گوئی کی ہے کہ اگرچہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے، تاہم طلب توقعات سے کم رہنے کے باعث تیسری سہ ماہی میں سونے کی اوسط قیمت 3,300 ڈالر فی اونس اور سال کی آخری سہ ماہی میں 3,675 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ہے۔