جاپان میں بجلی کی اسپاٹ قیمتیں شدید گرمی اور ایندھن کی بڑھتی لاگت کے باعث چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق جاپان الیکٹرک پاور ایکسچینج کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ڈے-اَہیڈ اسپاٹ بجلی کی قیمت منگل کو بڑھ کر 20.13 ین فی کلو واٹ آور ہو گئی، جو ایک ہفتہ قبل کے مقابلے میں 64 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ جون کے آغاز کے بعد بجلی کی قیمتوں کی بلند ترین سطح ہے۔ دارالحکومت ٹوکیو سمیت مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ٹھنڈک کے نظام کا استعمال بڑھنے سے بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا۔دوسری جانب آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل سے متعلق حالیہ رکاوٹوں کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات توانائی کی مجموعی لاگت پر بھی مرتب ہوئے۔ماہرین کے مطابق جاپان جیسے توانائی درآمد کرنے والے ملک میں عالمی ایندھن کی قیمتوں اور موسم کی شدت بجلی کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں طلب و رسد کی صورتحال مارکیٹ کی سمت کا تعین کرے گی۔