منشیات کے کاروبار میں ملوث 11 ہزار 573 ملزمان گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے گزشتہ سال منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کو منشیات سے پاک کرنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ سال کے دوران منشیات کے کاروبار میں ملوث 11 ہزار 573 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 11 ہزار 294 مقدمات درج کیے گئیکارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 ہزار 355 کلوگرام چرس، 1 ہزار 158 کلوگرام آئس اور 577 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 315 کلوگرام افیون اور 63 ہزار 973 لیٹر شراب بھی ضبط کی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس صوبائی دارالحکومت کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے بھرپور اور مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ لاہور پولیس منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی یہ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔