شہریوں کی شکایات پر کارروائی، ملزمان کے خلاف سودی قرض ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) شیراکوٹ پولیس نے سودی کاروبار میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق کارروائی شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی دو مختلف شکایات پر عمل میں لائی گئی۔ ایک مقدمے میں گرفتار ملزم پطرس عرف سونی مسیح پر سود وصول کرنے کا الزام ہے، جبکہ دوسرے مقدمے میں تین بھائیوں وقار، وسیم اور نعیم کو سود پر رقم دے کر بھاری رقم وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف پنجاب پروہیبیشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لونز ایکٹ 2022 کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں اور گرفتاری کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ سود خوری کے ذریعے شہریوں کا مالی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور سود خور عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں کو سود خوروں کے چنگل میں پھنسنے سے گریز کرنے اور ایسے عناصر کی فوری اطلاع پولیس کو دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سود خوری کے خاتمے کے لیے شہری پولیس سے تعاون کریں، قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی میں شہریوں کی شکایات اور نشاندہی کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔