پاکستان نے وینزویلا میں حالیہ پیش رفت کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔
یہ موقف قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں پیش کیا۔عثمان جدون نے کہا کہ دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کا شکار ہے اور کیریبین خطے میں بڑھتی کشیدگی علاقائی و بین الاقوامی امن کے لیے سازگار نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کا واحد حل مکالمہ اور سفارت کاری ہے، اور یکطرفہ فوجی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔قائم مقام مندوب نے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی قانونی ڈھانچے کو کمزور کرتے ہیں اور عدم استحکام کو فروغ دیتے ہیں، جو آنے والے برسوں تک غیر متوقع اور بے قابو نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل سے کام لیں، کشیدگی کم کریں اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیں۔عثمان جدون نے مزید کہا کہ وینزویلا کے عوام کی آزادانہ مرضی کا احترام کیا جانا چاہیے اور کسی بھی بیرونی مداخلت سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین خطہ امن اور خوشحالی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے گا۔