مودی کا بیان اشتعال انگیز پاکستان بھارت کے اقدامات اور رویئے پر گہری نظر رکھے گا دفترخارجہ

 ایسے وقت میں جب عالمی برادری خطے میں امن اور استحکام کے لئے کوشاں ہے، بھارتی وزیراعظم کا بیان ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی، اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہے
پاکستان کو  مایوسی اور شکست خوردگی  کا شکار قرار دینا بھارت کا ایک اور صریح جھوٹ ہے‘عالمی برادری بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے‘ بھارتی اقدامات جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے:ترجمان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے اشتعال انگیز اور جھوٹ پر مبنی بیانات کو یکسر مسترد کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیرِ اعظم کے اشتعال انگیز اور نفرت انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا  پاکستان بھارتی وزیر اعظم کے گزشتہ روز دیے گئے اشتعال انگیز اور جھوٹ پر مبنی بیانات کو یکسر مسترد کرتا ہے، ایسے وقت میں جب عالمی برادری خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، یہ بیان ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جو غلط معلومات، سیاسی موقع پرستی، اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔ترجمان نے کہا  یہ بیان ایسے جعلی بیانیہ گھڑنے کی بھارتی روش کا عکاس ہے،جنہیں جارحیت کو جواز دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، پاکستان حالیہ سیزفائر مفاہمت پر عمل درآمد اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر کاربند ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ جنگ بندی کئی دوست ممالک کی سفارتی کوششوں سے ممکن ہوئی، پاکستان کو ‘‘مایوسی اور شکست خوردگی’’ کا شکار قرار دینا بھارت کا ایک اور صریح جھوٹ ہے۔نہوں نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کا الزام، بغیر کسی ٹھوس شواہد کے، پاکستان پر ڈالنا بھارتی سازشی روش کا تسلسل ہے، تاکہ فوجی مہم جوئی کو جواز دیا جا سکے، داخلی سیاسی مقاصد حاصل کیے جائیں، اقلیتوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت انگیزی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے،  ایک مصنوعی بیرونی خطرے کا ڈھونگ رچایا جا سکے۔ پاکستانی شہریوں پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات لگا کر بھارت نے بلا جواز اور غیر قانونی جارحیت کا مظاہرہ کیا، اس کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، لیکن بھارت نے اس کے جواب میں پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر کشیدگی کو مزید بڑھا دیا، جس سے پورے خطے کو خطرناک تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی اقدامات ایک خطرناک مثال قائم کر رہے ہیں، جو جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، بھارت اپنی  کارروائیوں اور عورتوں و بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل کو "نارمل" قرار دے کر خطے کے امن کو دائمی خطرے میں ڈال رہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس گمراہ کن سوچ کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، "نارمل" یہی ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور عالمی قوانین کا احترام کیا جائے، جیسا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں ثابت کیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں بھارت کے اقدامات اور رویے پر گہری نظر رکھے گا،  اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے۔جاری بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے حق کے تحت مؤثر، محدود اور صرف فوجی تنصیبات کو ہدف بنانے والی کارروائی کی، پاکستان نے اپنی عسکری صلاحیت کا مظاہرہ کیا، اور یہ اب ایک ناقابل تردید حقیقت ہے جسے کسی پروپیگنڈے سے چھپایا نہیں جا سکتا۔