سندھ طاس معاہدے کی معطلی مودی کا پاکستان کو واضح پیغام ہے بھارتی وزیر توانائی کی ہرزہ سرائی

 دریائے سندھ اور چناب پر بجلی کے منصوبوں کی تعمیر سے متعلق پاکستان کا کوئی بھی اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا، ہمارے لئے قومی مفاد سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں
 ہم نہیں چاہتے  کوئی ہمیں ہمارے کام سے روکے ‘ اگر کوئی منفی ارادوں کے ساتھ ایسا کرے گا تو ہمارا عزم واضح ہوچکا ہے:منوہر لال کی میڈیا سے گفتگو
سرینگر(آئی این پی ) بھارتی توانائی کے وزیر منوہر لال نے  کہا ہے  دریائے سندھ اور چناب پر بجلی کے منصوبوں کی تعمیر سے متعلق پاکستان کا کوئی بھی اعتراض قابل قبول نہیں ہوگا،  وزیراعظم مودی نے سندھ طاس آبی معاہدے کو معطل کر کے پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے۔بی بی سی  کے مطابق  مقبوضہ کشمیر کے کشتواڑ، رام بن اور ریاسی اضلاع میں سلال پن بجلی منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے  بھارتی وزیر توانائی نے کہا کہ ہم ان دریائو ں کا پانی اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے استعمال کریں گے۔ ہمارے لیے قومی مفاد سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔منوہر لال نے  کشمیر کے سلال، ساولاکوٹ، رتلے اور دوسرے بجلی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔انھوں نے دورے کے دوران ریاسی ضلع کے مہادیو محلے کے مندر میں آر ایس ایس کی ایک تقریب سے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہمیں ہمارے کام سے روکے اور اگر کوئی منفی ارادوں کے ساتھ ایسا کرے گا تو ہمارا عزم واضح ہوچکا ہے۔ ہم ایسے عناصر کو چھوڑیں گے نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کافی مشکل دور سے گزرا ہے لیکن آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے