کراچی کیلئے بھی شہباز سپیڈ ہونا چاہیے بلاول بھٹو
حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کریں گے، لیاری کو پانی فراہم کرنے کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے، وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جس میں پانی میں اضافے پر بات ہوگی
مودی سرکار انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کررہی ہے، بھارت بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو سہولت فراہم کرتا ہے‘ جیالوں نے نفرت، تقسیم، دہشت گردی کا مقابلہ کیا:تقریب سے خطاب
کراچی(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے لاہور کیلئے شہباز سپیڈ، کراچی کیلئے سلو ہو، ایسا نہیں ہونا چاہئے، وزیراعظم سے کہیں گے کے فور منصوبے پر کام جلد مکمل کیا جائے،بھارت سندھو دریا کا پانی روکنا چاہتا ہے، مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدے کو ماننا پڑے گا ورنہ ان سے 6 دریائوں کا پانی چھین لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جب کینال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں کیا، اس موقع پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو نے کہا پاکستان نے بھارت کو جنگ میں شکست دی، بھارت نے سفارتی سطح پر بھی عبرتناک شکست کھائی ہے۔ مودی سرکار انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کررہی ہے، بھارت بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو سہولت فراہم کرتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کریں گے، لیاری کو پانی فراہم کرنے کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے، وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جس میں پانی میں اضافے پر بات ہوگی۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کراچی حیدرآباد کے جیالوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ جیالے دہشت گردوں کو منہ دیتے آئے ہیں، یہاں نفرت اور تقسیم کی سیاست تھی جس کے سامنے ہمارے جیالے کھڑے رہے۔ پہلی بار کراچی اور حیدرآباد میں جیالے میئر منتخب ہوئے ہیں، نفرت پھیلانے والے سیاست دانوں کو کراچی حیدرآباد کے عوام پہچان چکے ہیں۔انہوں نے کہا جیالوں نے نفرت، تقسیم، دہشت گردی کا مقابلہ کیا، جیالوں نے آمروں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادتیں دیں، کراچی کے عوام نے ہمیشہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کیا۔انہوں نے کہا ہم نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، ہم نے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی، بھارت مزید بزدلانہ حرکتیں کر رہا ہے، بھارت انتہا پسندوں کی سہولت کاری کر رہا ہے۔