وزیراعظم کا فاتحہ اور تعزیت کیلئے بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ

 بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار ، تعزیتی کتاب میں پیغام ریکارڈ کیا ‘ فاتحہ خوانی کی
اسلام آباد(آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے پیر کوعوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام ریکارڈ کیا اور مرحومہ کی روح کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے بیگم خالدہ ضیاء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک صاحب بصیرت رہنما اور ایک نامور سیاسی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کردی۔  بیگم ضیاء کو پاکستان اور اسکے عوام کی مخلص دوست و خیر خواہ کے طور پر یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک لازوال اور متاثر کن میراث چھوڑی ہے۔