کیا بھارتی اداکار کا کپور خاندان جیسا خواب حقیقت بن گیا؟

کیا بھارتی اداکار کا کپور خاندان جیسا خواب حقیقت بن گیا؟

ساؤتھ فلم انڈسٹری کے میگا اسٹار 69 سالہ چرن جیوی نے حال ہی میں حیدرآباد میں امریکن پروگریسو تیلگو ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کامیابی پر بات کی۔

 چرن جیوی کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب انہوں نے بالی ووڈ کے کپور خاندان جیسی بڑی ’فلمی فیملی‘ بنانے کا خواب دیکھا تھا، اور اب وہ خوش ہیں کہ ان کا خاندان اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔چرن جیوی کا فلمی کیریئر 47 سالوں پر محیط ہے اور انہوں نے 150 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے فلمی دنیا میں بالی ووڈ میں اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کی تھی، لیکن وہاں کامیابی حاصل نہ کر پائے۔ تاہم، وہ ساؤتھ انڈسٹری میں ایک میگا اسٹار کے طور پر ابھرے اور ان کی دولت میں امیتابھ بچن، رجنی کانت اور پربھاس جیسے بڑے اسٹارز سے بھی زیادہ ہے۔چرن جیوی نے اپنی فیملی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی پون کلیان اور بیٹے رام چرن ان کی زندگی کی بڑی کامیابیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان ان کی اصل کامیابی ہے اور ہر فرد کی کامیابی ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔

چرن جیوی کے خاندان میں کئی اور افراد بھی فلم انڈسٹری میں قدم جما چکے ہیں، جن میں ان کے بھائی پون کلیان، بیٹا رام چرن، بھتیجا الو ارجن، اور دیگر افراد شامل ہیں۔ چرن جیوی کا کہنا تھا کہ ان کا خواب تھا کہ ان کا خاندان بالی ووڈ کے کپور خاندان کی طرح بڑا اور معروف ہو، اور آج وہ اپنے خواب کی تکمیل پر خوش ہیں۔پون کلیان نے بھی ایک موقع پر کہا تھا کہ ان کا بھی یہی خواب تھا کہ وہ راج کپور کی فیملی کی طرح بڑا خاندان بنائیں، اور آج انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اخبارات انہیں ساؤتھ کا کپور خاندان لکھتے ہیں۔