کراچی:کسٹمز کی کارروائی،10ارب مالیت کی بھارتی ممنوعہ ادویات پکڑی گئیں

 معاملے میں مقامی فارماسوٹیکل کمپنیاں بھی ملوث ،کچھ گرفتاریاں کی ہیں ،کلکٹر کسٹم انفوسمنٹ معین الدین وانی
  کراچی (آئی این پی )ملکی تاریخ میں پہلی بار کسٹمز نے 10ارب روپے مالیت کی بھارتی ممنوعہ ادویات پکڑ لی ہیں اور کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ کلکٹر کسٹم انفوسمنٹ معین الدین وانی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کسٹمز نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی پہلی بار 10ارب روپے مالیت کی بھارتی ممنوعہ ادویات پکڑی ہیں۔ اس سارے معاملے میں دو سے تین مقامی فارماسوٹیکل کمپنیاں بھی ملوث ہیں۔کلکٹر کسٹم نے بتایا کہ اہم کارروائی کورنگی میں گودام پر کی گئی، جس میں کچھ گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔ ملکی تاریخ میں ادویات کی یہ سب سے بڑی سمگلنگ کی کارروائی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پکڑی جانے والی مذکورہ دوا کو پین کلر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، اس میں افیم کی مقدار موجود ہوتی ہے۔ کئی ممالک میں یہ کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئرڈ ہے۔ حکومت پاکستان بھی اس کو کنٹرولڈ میڈیسن ڈکلیئر کرنے پر غور کر رہی ہے۔