ٹیکس محتسب:2024میں 95فیصد شکایات کاازالہ

تمام علاقائی دفاتر میں مجموعی طور پر 13506 شکایات درج کرائی گئیں 
لاہور(خصوصی رپورٹ)وفاقی ٹیکس محتسب کے کو آرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ایف ٹی او ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے 2024 کے دوران دائر کی گئی 95.6 فیصد شکایات کا ازالہ کر کے ایک نیا قومی ریکارڈ قائم اور ملک بھر میں بڑی تعداد میں متاثرہ ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ یہاں تاجر برادری کے ساتھ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی طرف سے تمام علاقائی دفاتر میں مجموعی طور پر 13506 شکایات درج کرائی گئیں جن میں سے 12914 کو ایف ٹی اونے نمٹا دیا جو ایف ٹی او کی41 سالہ تاریخ میں ریکارڈ ہے۔علاوہ ازیں ہزاروں لوک فنکاروں کو اس وقت کے جاری ودہولڈنگ ٹیکس کی صورتحال میں بہتری لا کر ریلیف فراہم کیا گیا۔اسی طرح گزشتہ سال بڑی تعداد میں اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ کی مد میں بھی ریلیف فراہم کیا گیا۔باقاعدہ شکایات کے علاوہ ایف ٹی او نے غریب وکم مراعات یافتہ شکایت کنندگان کی شکایات کے غیر رسمی حل کی حوصلہ افزائی کی،1540 غیر رسمی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں حل کیا اور 143 ریفرنسز بھیجے گئے جو نمٹا دیئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایف ٹی اونے گزشتہ سال 32 ازخود نوٹس لیے اور متعدد افراد وشکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کیا گیا۔