2024میں 2لاکھ 23ہزار سے زائد شکایات پر فیصلے کیے،لاکھوں لوگوں کو ریلیف ملا: وفاقی محتسب

اس سال2لاکھ 70ہزار شکایتوں کو حل کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے، اس ادارے میں کسی قسم کی کرپشن یا سکینڈل نظر نہیں آئیگا،جی بی میں بھی آفس کھل رہا ہے،اعجاز احمد قریشی
سالانہ رپورٹ صدرمملکت کو پیش کرچکے ہیں،شکایات پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈیجیٹلائزیشن میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں، میڈیا سے غیر رسمی بات چیت
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ گذشتہ سال کے دوران 2لاکھ 23ہزار سے زائد شکایات پر فیصلے کیے گئے ہیں جن سے ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو ریلیف ملا ہے‘ شکایات پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈیجیٹلائزیشن میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپنے دفتر میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران وفاقی محتسب نے کہاکہ ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کرچکے ہیں اور انہوں نے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بطور وفاقی محتسب پہلے دوسالوں میں ادارے کو استعداد کار میں اضافہ کیا اور اس حوالے سے اپنے سابقہ تجربات سے فائدہ اٹھایا ہے ۔ 2010تک سالانہ 20 ہزار کے قریب شکایات کو دیکھتے تھے جس کے بعد ادارے کو مزید پھیلایا گیا جس کے بعد 64ہزار اور اس کے بعد سالانہ ایک لاکھ سے زائد شکایتیں حل ہونے لگی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے تین سالوں کے دوران ہم نے سو فیصد شکایتیں حل کیں، ہمارے ایڈوائزر سکولوں اور کالجز کا دورہ بھی کرتے رہے، ہم نے آئی آر ٹی کلاز کے تحت بھی ہزاروں افراد کو معاونت فراہم کی اور بہت سے ایسے مسائل حل کیے جو لوگ عدالتوں کو نہیں جانا چاہتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان کے پسماندہ اضلاع سمیت سندھ،خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اپنے دفاتر کھولے ہیں اس سال گلگت بلتستان میں بھی دفاتر کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے بجٹ اور سٹاف کے ساتھ گذشتہ سال 2لاکھ سے زائد شکایتیں نمٹائی ہیں جبکہ اس سال2لاکھ 70ہزار شکایتوں کو حل کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ادارے میں کسی قسم کی کرپشن یا سکینڈل نظر نہیں آئے گا۔