وفاقی ٹیکس محتسب نے چار سال میں 44370 شکایات نمٹا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا

 لاہور( خصوصی رپورٹ)وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ، ستارہ امتیاز و ہلال امتیاز، نے صرف چار سال کے عرصے میں 50903 میں سے 44370 شکایات نمٹا کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا ہے جب کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران مجموعی طور پر 37118 شکایات درج کی گئی تھیں۔ اتوار کو یہاں تاجر برادری کے ساتھ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایف ٹی او کے کو آرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ یہ بھی ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے کہ صدر پاکستان کی جانب سے اپیلیں مسترد ہونے کے بعد ایف بی آر کی جانب سے 98 فیصد فیصلوں پر عمل در آمد کیا گیا۔ ایف ٹی او نے نہ صرف شکایات کے ازالے کی تعداد اور رفتار کو بہتر بنایا بلکہ آسان طریقہ کار اور فوری جوابات کے ذریعے ادارے کو عام لوگوں کے لیے مزید قابل رسائی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیمبرز، ٹریڈ باڈیز اور ایسوسی ایشنز بشمول خواتین چیمبرز کو آن بورڈ لیا گیا جبکہ یونیورسٹیوں کی سطح پر سینکڑوں آگاہی سیشنز اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا