کوئٹہ میں گزشتہ 10 گھنٹوں سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
سروس کی بندش کے نتیجے میں کوریئر سروس، فوڈ اور بائیک رائیڈرز، اور موبائل کے کام سے وابستہ افراد کو پریشانی کا سامنا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق موبائل سروس بند ہونے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ تاہم، صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئٹہ میں 2 دن کے لیے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ نے مزید بتایا کہ یہ سروس منگل، 7 جنوری کو رات 12 بجے بحال کر دی جائے گی۔
سروس کی بندش کے بعد پی بی 45 کوئٹہ 8 کے فارم 47 جاری ہونے کے بعد گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے صوبائی قائدین اور کارکنان نے آر او آفس کے سامنے دھرنا دیا تھا۔ اس کے علاوہ، آج بلوچستان کے تمام اضلاع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بھی دی گئی ہے۔یاد رہے کہ حلقہ پی بی 45 کوئٹہ 8 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے، جس کے بعد سروس کی بندش کی گئی۔