لاہور میں شدید دھند کے باعث ایئرپورٹ کے فلائٹ آپریشن پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں حد نگاہ صفر ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ ایئرپورٹ کے اطراف میں شدید دھند کی وجہ سے رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔آئیربلیو کی پرواز پی اے 406 جو کراچی سے لاہور آ رہی تھی، کو دھند کی شدت کے باعث لاہور میں لینڈنگ کی اجازت نہیں ملی۔ اس کے نتیجے میں طیارے کا رخ اسلام آباد ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ لاہور سے دبئی جانے والی آئیربلیو کی پرواز پی اے 416 کو بھی شدید دھند کی وجہ سے ساڑھے 13 گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے، اور اب یہ پرواز کل دوپہر ایک بجے دبئی روانہ ہو گی۔اسی طرح، لاہور سے شارجہ جانے والی آئیربلیو کی پرواز پی اے 412 بھی سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، اور اس پرواز کو صبح 6 بجے کے لیے شیڈول کیا گیا ہے۔
دبئی جانے والی ایمریٹس کی پرواز ای کے 623 کو اڑھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا ہے، جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 738 کو 10 گھنٹے 35 منٹ کی تاخیر ہوئی ہے۔دھند کی شدت کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایئرپورٹ حکام نے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں اور مسافروں کو معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔