اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کیلئے کردار ادا کرے:پاکستانی سفیر

ٍٍیہ دن کشمیری عوام کی اس جدوجہد کی یاد دہانی ہے جس کا مقصد ان کے جائز حق خود ارادیت کا حصول ہے ،رضا بشیر تارڑ

 ٹوکیو (آئی این پی )جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دلانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔یوم حق خود ارادیت کے موقع پر کشمیری اور پاکستانی نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں رضا بشیر تارڑ نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی اس جدوجہد کی یاد دہانی ہے جس کا مقصد ان کے جائز حق خود ارادیت کا حصول ہے۔اجلاس میں کشمیری کمیونٹی کے رہنما شاہد مجید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کی جدوجہد کی حمایت کرے اور مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مثر اقدامات کرے۔اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے اراکین نے اقوام متحدہ کے دفتر کا دورہ کیا اور ایک یادداشت پیش کی جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور کشمیری عوام کو ان کے حق خود ارادیت دلانے کی اپیل کی گئی۔