گھر پر فضائی حملے میں سات بچوں سمیت11افرا د شہید ہو گئے، ا سرائیل نے قطر میں حماس کیساتھ دوبارہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کردی
غزہ،تل ابیب(آئی این پی ) غزہ میں اسرائیلی فوج کی جابن سے تازہ بمباری سے مزید 30 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ ا سرائیل نے قطر میں حماس کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادار ے کی رپورٹ میں سول ڈیفنس ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ غزہ میں ال غالہ خاندان کے گھر پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں 11 افرا د شہید ہو گئے جن میں سے سات بچے تھے۔ شجاعیہ کے علاقے میں ہونے والے تازہ حملے کے بعد کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ دھواں اٹھتے ملبے سے لاشیں نکال رہے ہیں جبکہ کچھ لاشیں ایک جانب پڑی ہیں جن کو سفید کپڑوں سے ڈھانپا گیا ہے جبکہ بچوں کی لاشوں الگ قطار میں رکھا گیا ہے۔ایک جانب تشدد کی لہر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تو دوسری جانب اسرائیل کے وزیر دفاع کیٹز نے حماس کے ساتھ مذاکرت دوبارہ شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔ قطر میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے نکات شامل ہیں۔وزیر دفاع نے 7 اکتوبر 2023 کو یرغمال بنائے جانے والے اسرائیلی شہریوں کے رشتہ داروں سے گفتگو میں کہا کہ یرغمالیوں کو رہا کرانے کی کوششیں جاری ہیں اور خصوصی طور پر اسرائیلی وفد حماس سے مذاکرت کے لیے جمعہ کو قطر روانہ ہو گیا ہے۔ انکا کہناتھا وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حماس کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔