اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اگلے مہینے دورہ ملائیشیا و بنگلادیش کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ اسلام آباد سے سفارتی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار 3 فروری سے 5 فروری تک ملائیشیا کا دورہ کریں گے، دفترخارجہ نے ملائیشیا کے دورے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے دی ہے۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے ، وزیراعظم انور ابراہیم سمیت دیگر قیادت سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ سفارتی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اگلے ماہ بنگلادیش کا دورہ بھی کریں گے۔ اسحاق ڈار بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔