فوجداری مقدمات :وکیل کرنے کی حیثیت نہ رکھنے والوں کو سرکاری خرچ پر وکیل دینے کا فیصلہ

 چیف جسٹس کی جانب سے وکلاء پینل کیلئے مانگی گئی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں دس جنوری تک توسیع کردی گئی 
اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے فوجداری مقدمات میں وکیل کرنے کی حیثیت نہ رکھنے والوں کو سرکاری خرچ پر وکلاء کی خدمات فراہمی بارے وکلاء پینل کیلئے مانگی گئی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں دس جنوری 2025تک توسیع کردی ہے پہلے چار جنوری تک مہلت دی گئی تھی۔چیف جسٹس نے سارے معاملات کودیکھنے کے لیے دو رکنی ججز کمیٹی تشکیل دی تھی۔دو رکنی کمیٹی میں جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان شامل ہیں۔ دو رکنی ججز کمیٹی سپریم کورٹ کے وکلاء کے پینل کی منظوری دی گی جو سرکاری خرچ پر ملزمان یا سزایافتہ افراد کی نمائندگی کریں گے۔سرکاری خرچ پر وکیل کے طور پر تقرر کیلئے پینل میں شامل ہونے والے وکلاء سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ سے جاری سرکلر میں بتایاگیاہے کہ سپریم کورٹ میں وکالت کا لائسنس رکھنے والے تمام وکلاء درخواست دینے کے اہل ہونگے، درخواست کے ساتھ درخواست گزار کی تصویر، تفصیلی تعارف نامہ شامل کیا جائے۔