ایل اوسی کے دونوں اطرف سمیت دنیا بھر میں یوم حق خودارادیت کشمیر منایا گیا

عالمی سطح پر تسلیم شدہ ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی 
 احتجاجی مظاہرے، اسلام آباد، مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے مبصرمشن دفتر میں یادداشتیں پیش کی گئیں
 اسلام آباد؍مظفر آباد؍سرینگر(بیورو رپورٹ ،آئی این پی )کنٹرول لائن کے دونوں اطراف ،پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے پانچ فروری کو یوم حق خودارادیت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منا یا کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔حق خودارادیت کا دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے دے رکھی تھی ہے۔ ہر سال 5 جنوری مقبوضہ کشمیر کے حق خود ارادیت کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر جلسے جلوس، ریلیاں،سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا گیا ۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن دفتر مظفرآباد اور اسلام آباد میں ایک یادداشت بھی پیش کی گئی اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کریں۔ادھر سرینگر سمیت مقبوضہ وادی میں بھی اس دن کی مناسبت سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں اور بھارتی ناجائز تسلط کیخلاف نعرے بازی کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا وہ بھارت کے غیرقانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں سے انکے حق خودارادیت دلانے کے وعدے کو پورا کیا جائے ۔ اس موقع پر وادی میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے ۔فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی ۔وادی کو سکیورٹی چھائونی میں تبدیل کردیا گیا ۔پاکستا ن کے مختلف شہروں میں بھی جلسے جلوس، ریلیاں اور دیگر تقریبات منعقد ہوئیں اور کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔عالمی دنیا میں بھی کشمیریوں نے بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے مظاہرے کئے ۔مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے درج تھے۔کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں مظاہروں میں شرکت کی ۔