ملت ایکسپریس کار سے ٹکرا گئی،ڈاکٹر جاں بحق ،ساتھی زخمی

 کار ریلوے پھاٹک کراس کررہی تھی کراچی سے لالہ موسیٰ جانے والی ٹرین آ ٹکرائی 
اسد موقع پر دم توڑ گئے، ڈاکٹر عقیل کی حالت نازک،کار مکمل تباہ ،تحقیقات شروع
بھلوال (خصوصی رپورٹ)بھلوال کے علاقہ النواز سٹی کے ریلوے پھاٹک پر کراچی سے لالہ موسیٰ جانے والی ملت ایکسپریس اور ایک کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق حادثہ اْس وقت پیش آیا جب کار النواز سٹی کے ریلوے پھاٹک کو عبور کر رہی تھی کہ اسی دوران تیز رفتار ملت ایکسپریس آ گئی اور کار کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار ڈاکٹر اسد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈاکٹر عقیل شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ریلوے پھاٹک پر مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے اور ممکنہ لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام ریلوے پھاٹکوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔