ملت ایکسپریس یکم اکتوبر اور قراقرم ایکسپریس 8 اکتوبر سے نجی انتظام کے تحت چلے گی
سرکاری بکنگ بند، نجی کمپنی ہفتہ و ار 7 کروڑ 48 لاکھ سے زائد جمع کروانے کی پابند ہوںگی
لاہور (زیڈ این این)پاکستان ریلوے سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ محکمہ ریلوے نے اعلیٰ سطح پر اہم فیصلہ کرتے ہوئے دو نفع بخش اور اہم ٹرینوں قراقرم ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کا انتظام و انصرام نجی کمپنیوں کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق ریکارڈ منافع کے باوجود کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ فیصلے کے تحت دونوں ٹرینوں کی بوگیاں کروڑوں روپے کی لاگت سے ری کنڈیشنڈ اور اپ گریڈ کر کے پرائیویٹ منیجمنٹ کے حوالے کی جائیں گی۔ ملت ایکسپریس یکم اکتوبر سے لالہ موسیٰ تا کراچی نجی انتظام کے تحت چلائی جائے گی، جبکہ قراقرم ایکسپریس 8 اکتوبر سے نجی کمپنی کے پاس چلے گی۔ دونوں ٹرینوں کی سرکاری بکنگ منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ قراقرم ایکسپریس کی ایڈوانس ریزرویشن بھی نجی کمپنی کو منتقل کر دی گئی ہے۔محکمہ ریلوے کے مطابق قراقرم ایکسپریس فیصل آباد سیکشن کی مکمل بحالی تک براستہ ساہیوال چلے گی اور اس کو چلانے والی نجی کمپنی ہر ہفتے 7 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ایڈوانس جمع کروانے کی پابند ہوگی۔ اس کے علاوہ ملت ایکسپریس کے مسافروں کی سہولت کے لیے تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں پر نجی انتظامیہ کے خصوصی دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔