قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا،سینیٹر روبینہ

 اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے،یوم یکجہتی کشمیر پر مطالبہ
اسلام آباد(آن لائن)چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن مظلوم کشمیری عوام سے غیرمتزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو اس  صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا جبکہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا