کسی بھی جارحیت کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا،مسلح افواج ابھرتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں روایتی اورہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں
ہندوتوا پربنی سوچ اور زیادتیاں کشمیری عوام کی جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام ہو چکیں:فیلڈ مارشل کی مظفر آباد میں عمائدین اور سابق فوجیوں سے ملاقات میں گفتگو‘، اگلے مورچوںکا دورہ بھی کیا
مظفر آباد ( آن لائن )آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مظفرآباد کا دورہ، جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ، کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا، ہندوتوا پربنی سوچ اور زیادتیاں کشمیری عوام کی جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد آمد پر جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، جموں و کشمیر کے شہداء کی یادگار پر حاضری دی،پھول رکھے اور ان کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے تحریک کشمیر کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، بعدازاں عمائدین اور سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا، جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل نہیں نکل آتا، پاکستان ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود کشمیر میں تعینات افسروں اور سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، اعلیٰ حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی، انہوں نے کسی بھی اشتعال انگیزی کو مؤثر طریقے سے روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کے لئے بھرپور آپریشنل تیاری، مستعدی، اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک اگلے مورچے کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بات چیت کی، دورے کے دوران، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں