سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم پر خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام سے متعلق کیس کی سماعت لاہور کی ایڈیشنل سیشن کورٹ میں ہوئی۔
کیس کی سماعت جسٹس اسجد جاوید گھرال کی زیرِ صدارت ہوئی۔ اس دوران مدعی مقدمہ خاتون عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔ خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی مؤکلہ کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کی وجہ سے وہ آج عدالت میں حاضر نہیں ہو سکیں۔بابر اعظم نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ خاتون نے ان پر ریپ اور ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں اور انہیں بلیک میل کرنے کے الزام بھی لگائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے ان الزامات کے بارے میں فیصلے میں غلطی کی ہے اور خاتون کی جانب سے بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا مقصد ان کی شہرت کو نقصان پہنچانا تھا۔بابر اعظم نے عدالت میں استدعا کی کہ ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جائیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
عدالت نے بابر اعظم کی درخواست پر 2021 میں حکم امتناعی جاری کیا تھا اور اس کیس کی سماعت کو آج کے دن کے لیے مقرر کیا تھا۔ تاہم، مدعی خاتون کی غیر حاضری کے باعث سماعت کو اپریل کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔اس کیس میں ابھی تک خاتون کی جانب سے پیش ہونے اور بابر اعظم کے مؤقف کی مکمل تفصیلات نہیں آئی ہیں اور آئندہ سماعت پر اس کیس کے مزید پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔