3بھانجوں کو اٹلی بھجوانے کے لیے 90لاکھ دئیے ،ملزمان نے اغواء کاروں کو فروخت کردیا،ماجد اقبال
لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور میں غیر قانونی طور پر3نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے پر 5ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔رائیونڈ کے رہائشی ماجد اقبال خان کی جانب سے ایف آئی اے میں درج مقدمے کے مطابق 3بھانجوں کو اٹلی بھجوانے کے لیے 5ملزمان کو 90لاکھ روپے دئیے تھے۔ مقدمے کے مطابق ملزمان نے سہیل، ارسلان اور خرم کوپڑوسی ملک لیجاکر مزید رقم طلب کی اور انسانی سمگلروں نے نوجوانوں کو اغوا کاروں کو فروخت کر دیا جس پر اغواکاروں نے نوجوانوں کو تشددکا نشانہ بنایا اور ان کی ویڈیوزبناکر گھر والوں کو بھیج دیں۔مقدمے میں مزید بتایا گیا کہ اغوا کاروں نے نوجوانوں کی رہائی کے لیے 2کروڑ 80لاکھ روپے مانگے ہیں۔متاثرہ نوجوانوں کے اہل خانہ نے حکومت پاکستان سے اپنے پیاروں کو بازیاب کرانے کی اپیل کی ہے۔