ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد معیشت جام کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے شہبازشریف
دسمبر 2023سے دسمبر 2024تک ترسیلات زر میں29.3فیصد اضافہ ہوا‘پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے:وزیراعظم کا بیان
محصولات کے مقدمات جلد نمٹائے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ٹیکس نا دہندگان سے ٹیکس وصول کریں گے‘ غریب عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے‘پی آئی اے کی یورپ پروازوں سے اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت ہو گی::اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے دسمبر 2024تک 3.1بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں جو کہ نومبر 2024سے 5.6فیصد زیادہ ہیں۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ دسمبر 2023سے دسمبر 2024تک ترسیلات زر میں 29.3فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے عدالتوں میں رکی ہوئی محصولات کے قانونی مقدمات کو جلد از جلد نبٹانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے ایف بی آر محصولات کے مقدمات کے جلد سے جلد نمٹائے جانے کے لیے فوری اقدامات کرے، ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اپیلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو میں بین الاقوامی معیار کی افرادی قوت کو مسابقتی تنخواہوں، مراعات اور پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کی بنیاد تعینات کیا جائے،اپیلیٹ ٹربیونلز میں بہترین ٹیلینٹ کو تعینات کر کے محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں، اس کام میں تاخیر کسی صورت براشت نہیں کی جائے گی،اللہ کے فضل و کرم سے ایف بی آر اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے،حال ہی میں کراچی میں فیس لیس اسسمنٹ نظام کا اجراء کیا،جدید خودکار نظام سے کرپشن کا خاتمہ اور کسٹمز کلیئرنس کیلئے درکار وقت میں خاطر خواہ کمی آئی،ملک و قوم کی ایک ایک پائی کا تحفظ کریں گے،ٹیکس نا دہندگان سے ٹیکس وصول کریں گے نہ کہ غریب عوام پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالیں‘شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانی براہ راست مستفید ہو سکیں گے، پروازوں کی بندش سے قومی ایئر لائن کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا اور اسکی ساکھ متاثر ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا، یورپ پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے