مراتب علی کی گاڑی پر فائرنگ انویسٹی گیشن پولیس بادامی باغ کے کانسٹیبل جمشید اورارسلان نے کی
لاہور(کرائم رپورٹر) مریدکے میں سی آئی اے سب انسپکٹر پر فائرنگ کا واقعہ، پولیس ٹیم ہی ملوث نکلی ،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مریدکے میں فائرنگ اور ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی پر فائرنگ انویسٹی گیشن پولیس بادامی باغ نے کی۔ کانسٹیبل جمشید اور ارسلان، جو بادامی باغ لاہور میں تعینات تھے کسی ملزم کی تلاش میں مریدکے گئے تھے۔ اس دوران سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی اپنے دوست ذکاء اللہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم نے مشتبہ سمجھ کر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم مراتب علی نے اسے ڈاکوئو ں کی کارروائی سمجھ کر گاڑی بھگا دی۔ اس پر کانسٹیبل جمشید اور ارسلان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیافائرنگ کے بعد جب دونوں کانسٹیبلز کو معلوم ہوا کہ گاڑی میں موجود شخص سی آئی اے سب انسپکٹر ہے، تو وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مریدکے میں سی آئی اے کے سب انسپکٹر مراتب علی قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مفرور کانسٹیبلز اور ان کے ساتھی واصف کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔