آسیہ نے خواتین کے سفری اخراجات برداشت کیے، سعودی عرب میں سہولتکاری وسیم گجر کر رہا تھا
کراچی (آئی این پی) وفاقی تحقیقاتی ادارے کے امیگریشن سرکل کے مطابق کراچی سے 4 خواتین کو مبینہ طور پر جبری مشقت کے لیے سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر چاروں خواتین کو حراست میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں خواتین کی سعودی عرب سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ 4 خواتین کو کراچی ائیرپورٹ پر پروازوں سے آف لوڈ کر دیا گیا، ان خواتین میں شازیہ بانو، ظمیرا عظیم، لبنیٰ اور ثناء شہزادی عمرے کی مسافر تھیں، بظاہر متاثرہ خواتین عمرہ ویزوں پر سعودی عرب جا رہی تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرہ خواتین کو جبری مشقت کی غرض سے سعودی عرب بھجوایا جا رہا تھا، متاثرہ خواتین اس سے قبل بھی سعودی عرب جا چکی تھیں۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے خواتین کو سعودی عرب بھجوانے میں آسیہ نامی خاتون ملوث ہے جو پنجاپ پولیس کی سابقہ ملازم ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق آسیہ نے ہی متاثرہ چاروں خواتین کے سفری اخراجات برداشت کیے جب کہ سعودی عرب میں قیام اور اخراجات کی سہولتکاری وسیم گجر نامی ایجنٹ کر رہا تھا۔ متاثرہ خواتین سے ایجنٹوں کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں۔