گاڑی سے ملنے والی لاش سب انسپکٹر کے دوست کی نکلی

 عادل اور سب انسپکٹر طاہر دوست تھے ، پولیس کی تفتیش جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیفنس سی میں گاڑی سے ملنے والی لاش کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی۔متوفی عادل کے اہل خانہ سے تحقیقات میں اہم معلومات سامنے آگئیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بیانات میں خاندانی تنازعات اور ذہنی دباؤ کے شواہد سامنے آئے۔متوفی گزشتہ کچھ عرصہ سے پریشانی کا شکار تھا۔ متوفی کے گھر والوں نے کہا کہ متوفی کے خلاف مختلف اداروں میں درخواستیں بھی دائر تھیں۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ گاڑی سے ملنے والی وردی طاہر سب انسپکٹر کی ہے جو جنوبی چھاؤنی میں تعینات ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ متوفی اور سب انسپکٹر طاہر دوست تھے۔پولیس واقعہ کے محرکات اور پس منظر کا جائزہ لے رہی ہے۔ابتدائی شواہد قتل کے بجائے خودکشی کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ حتمی نتائج مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔