پولیس ملازمین کے لیے کروڑوں کی گرانٹ جاری

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے فورس اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر کیلئے شاندار اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 9 کروڑ 70 لاکھ 34 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں6 کروڑ 65 لاکھ 20 ہزار روپے دئیے گئے۔ گزارا الاؤنس کی مد میں پولیس ملازمین کے فیملیز کو4 کروڑ 59 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد دئیے گئے۔ علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لئے 4 کروڑ 06 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد جاری کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں2 کروڑ 23 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ تدفین اخراجات کی مد میں فورس  کے اہلخانہ کو 35 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے۔ پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں 15 لاکھ 52 ہزار روپے سے زائد رقم دی گئی۔