جادو کے بہانے گھر کا صفایاکردیا

 ثریا جادوگرنی نے رابعہ کی اولاد نہ ہونے اور شوہرکی جان بچانے کے لیے ساتھیوں کو گھر بلایاجو نقدی،سونا وغیرہ لوٹ کرلے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)اولاد کی خواہش اور خاوند کی جان بچانے کیلئے ایک خاتون نے جادوگر کو گھر بلایامگر خاتون اور اس کے ساتھیوں نے جادو کرنے کے بہانے گھر کا صفایا کر دیا۔تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ہنجروال میں پیش آیا جہاں رابعہ رانی نامی خاتون نے اولاد نہ ہونے پر ثریا نامی جادوگرنی سے رابطہ کیاجو علاقے میں جادو ٹونا اور کالے جادو کا علاج کرتی تھی۔ثریا نے رابعہ کو اس کے خاوند کی جلد موت اور جادو کے اثرات کے بارے میں بتایا، جس کے بعد رابعہ نے اپنے خاوند کی زندگی بچانے کے لیے 7 بکرے، ایک بچھڑا اور 7 تولے سونا چڑھاوا دیا۔ ثریا نے سونا امانتاً لیا اور وعدہ کیا کہ جادو کرنے کے بعد سونا واپس کر دے گی۔دو ماہ بعد جب رابعہ نے سونا واپس مانگا تو ثریا نے ایک بار پھر گھر آ کر جادو ٹونا کرنے کی بات کی۔ اس بار ثریا نے اپنے تین ساتھیوں کو ساتھ لا کر گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی چوری کر لی اور فرار ہو گئی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔