فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کروائیں گے‘ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا
معاہدے کے مطابق نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا:ارکان جرگہ کی گفتگو‘ جلد راستے کھول دیے جائیں گے: بیرسٹر سیف
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)کرم میں قیام امن کیلئے امن معاہدہ طے پاگیا، فریقین نے گرینڈ جرگہ میں معاہدے پر دستخط کردیئے‘جرگہ رکن ملک ثواب خان نے کہا دونوں فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے دستخط کیے۔ فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔جرگہ رکن نے کہا امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق سیز فائر پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔رکن جرگہ رضا حسین نے بتایا راستے کھولنے اور قیام امن کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کروائیں گے۔ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔معاہدے کے مطابق نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائے گا۔ فریقین کی جانب سے بنائے گئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔ادھر کمشنر کوہاٹ کا کہنا تھا کہ کرم مذاکرات فریقین کے درمیان کامیاب ہوئے۔خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات اور حکومت کی جرگہ کمیٹی کے سربراہ بیرسٹر سیف نے کرم امن معاہدے پر دستخط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے اس سے ضلع میں امن اور خوشحالی کا نیا سفر شروع ہوگا۔ امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔