اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے، جرات و بہادری اور حق خودارادیت کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔نام نہاد جمہوریت کے دعوے دار بھارت کے ہاتھوں 77 سالوں سے کشمیریوں کی نسل کشی کا بدترین سلسلہ جاری ہے،آج کا دن دیرینہ مسئلے کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کی ضرورت کی یاد دہانی کراتا ہے،سات دہائیوں سے حل نہ ہونے والا مسئلہ کشمیر عالمی شعور اور ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے،ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے،پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی انصاف، حق خود ارادیت اور بھارت سے آزادی کے حصول کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔