پاکستانی عوام کے دل کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں بلاول بھٹو

عالمی برادری کی مسلسل بے حسی نے جمہوری اقدار اور عملی رویوں کے درمیان واضح خلیج کو بے نقاب کر دیا  ، عالمی برادری  اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے
  بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے:چیئرمین پی پی پی کا یومِ یکجہتیِ کشمیر پر  پیغام 
کراچی(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ ان کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی بربریت اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں تاہم بھارتی مظالم کشمیری عوام کے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کمزور کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور اپنے دورِ حکومت میں 5 فروری کو یومِ یکجہتیِ کشمیر قرار دیا، اس دن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو نئی جہت دینا اور آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مسلسل بے حسی نے جمہوری اقدار اور عملی رویوں کے درمیان واضح خلیج کو بے نقاب کر دیا ہے، عالمی برادری اپنی بے حسی ترک کر کے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے