پاکستان ، افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات پختونخوا کی قائم مقام افغان سفیر سے ملاقات ،بانی پی ٹی آئی اور وزیرِ اعلیٰ کا خصوصی پیغام پہنچایا 
دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی خطے اور عوام کے مفاد میں ہے ،مولوی سرداراحمد شکیب کی ملاقات کے دوران گفتگو
پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔بیرسٹر سیف نے قائم مقام افغان سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی۔سینئر سیاستدان محمد علی درانی اور مولانا فضل الرحمن خلیل بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔بیرسٹر سیف نے افغان قیادت کے لیے بانی پی ٹی آئی اور وزیرِ اعلیٰ کے پی کی جانب سے دیا گیا خصوصی خیر سگالی پیغام افغان وفد کو دیا۔ جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان افغانستان دو طرفہ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ قبائلی و سیاسی عمائدین اور علماء کا وفد افغانستان لانا چاہتے ہیں۔ افغان سفیر نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان افغانستان تعلقات کی مضبوطی خطے اور عوام کے مفاد میں ہے، پاک افغان تعلقات کی بہتری کے لیے آپ کا کردار قابلِ تعریف ہے۔