پولیو کا خاتمہ قومی عزم ہے، ہر بچے کو بیماری سے بچانا اولین ترجیح: وزیراعظم شہباز شریف

پولیو کا خاتمہ قومی عزم ہے، ہر بچے کو بیماری سے بچانا اولین ترجیح: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک کو پولیو فری بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ہر بچے کو اس موذی مرض سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

یہ بات انہوں نے انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیویلپمنٹ اور انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کی قیادت میں بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔

وزیراعظم کی ہدایات اور عزم
وزیراعظم نے کہا کہ:"ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پوری سنجیدگی، لگن اور رفتار کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ تمام چیلنجز کے باوجود ہم جلد اپنے ہدف کو حاصل کرلیں گے۔"انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسین کی مکمل خوراکیں فراہم کی جانی چاہئیں، تاکہ کوئی بچہ اس خطرناک مرض کا شکار نہ ہو۔

فرنٹ لائن ورکرز اور شراکت داروں کو خراج تحسین
وزیراعظم نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، حکومت پاکستان کے عزم اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے۔انہوں نے تمام صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو بھی سراہا، اور کہا کہ ان کا کردار قابل ستائش ہے۔

ورکرز کی سیکیورٹی، حکومتی ترجیح
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا:"پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس مشن میں یکجان ہو کر کام کرنا ہوگا۔"
سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد پولیو کی کوششوں میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں۔

انسداد پولیو مہم سے متعلق بریفنگ
اجلاس میں حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ:بل گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے انسداد پولیو مہم میں اہم کردار ادا کیا۔خاص طور پر جنوبی خیبر پختونخوا کے حساس علاقوں میں ڈسٹرکٹ لیول پر مخصوص مہمات ترتیب دی جا رہی ہیں تاکہ وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں شریک اہم شخصیات
اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے نمائندوں سمیت متعدد اعلیٰ سرکاری افسران اور پولیو کنٹرول کے ماہرین نے شرکت کی۔