لاہور: لیسکو میں خراب میٹرز کی کمی، صارفین پر بھاری بلوں کا بوجھ

لاہور: لیسکو میں خراب میٹرز کی کمی، صارفین پر بھاری بلوں کا بوجھ

لیسکو میں خراب میٹرز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث صارفین سے بھاری اوسط بل وصول کیے جانے لگے اور شدید احتجاج سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کے ایک لاکھ سے زائد خراب اور جلنے والے سنگل و تھری فیز میٹرز ڈیفیکٹو قرار دیے جا چکے ہیں، تاہم طویل عرصے تک میٹرز تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔نیپرا نے میٹرز کی شدید قلت کا نوٹس لیتے ہوئے لیسکو کے چیف محمد رمضان بٹ سے وضاحت طلب کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگست کے بعد سے نئے کنکشن اور خراب میٹرز کی تبدیلی کے لیے کمپنی کے پاس مطلوبہ اسٹاک موجود نہیں، جو کہ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ نیپرا نے واضح کیا کہ خراب میٹرز کی بروقت تبدیلی لیسکو کی ذمہ داری ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ فوری طور پر میٹرز کا اسٹاک فراہم کرکے خراب میٹرز کی تبدیلی یقینی بنائی جائے تاکہ غیر معمولی بلوں کے عذاب سے نجات مل سکے۔ذرائع کے مطابق لیسکو میں گزشتہ چھ ماہ سے میٹرز کی شدید قلت ہے، جس کی وجہ سے کئی صارفین پر بجلی چوری کے مقدمات بنائے گئے۔

 اس دوران ہزاروں صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس کے تحت کروڑوں روپے لیسکو کے پاس جمع کروائے، مگر نئے کنکشن کے میٹرز نہیں لگ سکے۔میٹر کی تبدیلی یا نئے کنکشن کے لیے صارفین لیسکو دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں، اور کئی مقامات پر عملے اور صارفین کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے ہیں۔ لیسکو کے آپریشن افسران نئی مینجمنٹ کو میٹرز کی قلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، جس کی وجہ بروقت میٹرز کی ٹینڈرنگ نہ ہونا بتایا گیا ہے۔اس سلسلے میں لیسکو حکام سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم کسی ذمہ دار سے رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔