لائسنسنگ سہولیات:24 گھنٹے میں 2لاکھ 7ہزار شہری مستفید

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب میں نئے ٹریفک قوانین کے نفاذ کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 لاکھ 7 ہزار شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں 629 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ قوانین میں ترمیم سے قبل اوسطاً 25 سے 28 ہزار لائسنس جاری کیے جاتے تھے۔ اس دوران ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، 28 ہزار 800 سے زائد شہریوں نے ریگولر لائسنس حاصل کیے، اور 78 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کرائی۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ 15 ہزار سے زائد شہریوں نے گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ لمبی قطاروں اور انتظار سے بچنے کے لیے آن لائن لائسنسنگ پورٹل استعمال کریں۔ قوانین میں سختی اور شہریوں کی دلچسپی کی بدولت لائسنس سینٹرز پر بھی بڑی تعداد میں شہری موجود ہیں۔