سٹی ڈویژن میں سرچ آپریشنز ،مشکوک افراد کی چیکنگ

نولکھا، اسلام پورہ، لوئر مال، داتا دربار، ٹبی سٹی میں پولیس نے ایکشن لیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایات پر سٹی ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں امن و امان بہتر بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔ تمام کارروائیاں ایس پی سٹی بلال احمد کی زیرِنگرانی انجام پائیں۔سرچ آپریشن نولکھا، اسلام پورہ، لوئر مال، داتا دربار، ٹبی سٹی، زکی گیٹ، لوہاری گیٹ، سبزی منڈی راوی روڈ، شفیق آباد، شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے نولکھا لنڈا بازار اور شاہدرہ کے گرد و نواح میں جاری کارروائیوں کا خود جائزہ لیا اور چیکنگ کے عمل کی نگرانی کی۔ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن میں بھاری نفری سمیت دیگر سیکورٹی فورسز نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں، گھروں، کرایہ داروں، ہوٹلز اور دکانوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی، جبکہ مشکوک افراد کے شناختی کارڈز بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق کیے گئے۔ایس پی سٹی نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد کی مکمل تصدیق کی جائے اور عدم تصدیق کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر ناکے لگا کر مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رہیں گے