ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود نیویارک کا پہلا مسلمان میئر منتخب شہر میں اب اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں:ظہران ممدانی

ظہران ممدانی کا مقابلہ نیویارک کے سابق گورنر اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ری پبلکن حریف کرٹس سلوا سے تھا‘ 2001 کے بعد  انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آئوٹ 
مستقبل اب عوام کے ہاتھ میں ‘موروثی سیاست کا خاتمہ ہوگیا‘ نیویارک کے محنت کش طبقے نے تمام رکاوٹوں کے باوجود تبدیلی ممکن بنادی: ظہران ممدانی کا  جیتنے کے بعد خطاب
 امریکی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، ڈیموکریٹ امیدوار ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر اور غزالہ صدیقی نائب گورنر منتخب 
نیویارک (آئی این پی) امریکا میں 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ زہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود نیویارک سٹی کے میئر کا انتخاب جیت لیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ظہران ممدانی نے 486,741جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار نیڈریو کومو نے 396,177 ووٹ لئے، ری پبلکن کے کرٹس سلوا صرف 79,281 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ظہران ممدانی کا مقابلہ نیویارک کے سابق گورنر اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ری پبلکن حریف کرٹس سلوا سے تھا، نیویارک میئر کے الیکشن میں نئی تاریخ رقم ہوگئی جہاں 2001 کے بعد میئر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آٹ ریکارڈ کیا گیا۔پولنگ سٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی، 17 لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کی جانب سے مخالفت کے باوجود مسلم امیدوار ظہران ممدانی پہلی بار نیویارک شہر کے میئر منتخب ہوگئے‘ میئر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں زہران ممدانی نے کہا عوام نے ثابت کردیا کہ طاقت ان کے ہاتھ میں ہے اور نیویارک میں موروثی سیاست کا خاتمہ ہوگیا‘   نیویارک میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں ہم نے ثابت کردیا کہ مستقبل اب عوام کے ہاتھ میں ہے۔ یہ جیت نیویارک کے محنت کشوں، تارکین وطن اور نچلے طبقے کی ہے جن کے ہاتھوں میں کبھی اقتدار نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عام شہریوں کو بھی فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے موروثی سیاست کو ختم کردیا ہے۔ آج سے میں اینڈریو کومو کا نام نہیں لوں گا۔زہران ممدانی نے وعدہ کیا کہ وہ ایک ایسا شہر بنائیں گے جہاں زندگی کے اخراجات قابو میں ہوں، تعلیم و صحت سب کے لیے میسر ہو، اور عوام کے مسائل سننے والی حکومت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارک پورے امریکا کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا‘امریکی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی، ڈیموکریٹ امیدوار ابیگیل اسپینبرگر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر اور غزالہ صدیقی نائب گورنر منتخب ہوگئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ورجینیا میں ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے گورنر کی نشست واپس لے لی ہے۔