روس نے پاکستان پوسٹ کی خدمات پر پابندی عائد کر دی دنیا بھر کی جیلوں میں21ہزار سے زائد پاکستانی قید وفاقی وزراء

 بھارت میں 738 پاکستانی شہری قید ہیں،ان کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں انہیں کس جرم میں قید کیا گیا ہے:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
روس نے 5 کروڑ 50 لاکھ  بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پاکستان پوسٹ کی خدمات پر پابندی عائد کی ہے:عبدالعلیم خان کا قومی اسمبلی میں بیان
 اسلام آباد(آئی این پی )پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد غیر ملکی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ  بات نائب وزیر اعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب میں بتائی ۔وزیر خارجہ نے  بتایا کہ 21 ہزار 6 سو 47 پاکستانی شہری دنیا بھر کی مختلف جیلوں میں قید ہیں جبکہ بھارت میں 738 پاکستانی شہری قید ہیں۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت میں قید پاکستانی شہریوں کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں دی جا رہی کہ انھیں کس جرم میں قید کیا گیا ہے‘دریں اثناء روس نے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر پاکستان پوسٹ کی خدمات پر پابندی عائد کر دی۔وفاقی وزیر مواصلات نے تحریری جواب قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے تحریری جواب میں بتایا کہ روس نے پاکستان پوسٹ کی سروسز پر اگست 2025 میں پابندی عائد کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پابندی کی وجہ پاکستان پوسٹ کی جانب سے ساڑھے پانچ کروڑ بقایا جات کی عدم ادائیگی ہے، رقم 2021 سے ادا نہیں کی گئی۔