ضمنی الیکشن ، ن لیگ نے میدان مار لیا

رانا طاہر اقبال نے 44ہزار535 ،پی ٹی آئی کے اعجازحسین نے 20093 ووٹ لئے،تحریک لبیک کا تیسرا نمبر
 شیخوپورہ،کالاشاہ کاکو( مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب کے فارم 47کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا طاہر اقبال 24ہزار442ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرارپائے ہیں ،وزیراعظم شہباز شریف نے رانا طاہرکو ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ترقی وخوشحالی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی پی 139 میں ضمنی انتخاب میں تمام 124 پولنگ سٹیشنز کا فارم 47 کے مطابق نتیجہ آگیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا طاہر 44535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مورکے نشان پر الیکشن لڑنے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری اعجاز حسین 20093 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔تحریک لبیک پاکستان کے محمد فاروق الحسن 7196 ووٹ لے کر تیسرے نمبر کے حق دار ٹھہرے جبکہ مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے آزاد امیدوار میاں عبدالرئوف نے 6669 ووٹ حاصل کئے،ٹرن آئوٹ 41فیصدرہا۔ رواں سال پی پی 139 میں یہ تیسرے الیکشن ہوئے ہیں، سب سے پہلے 8 فروری کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین ایم این اے نے فتح کے بعد یہ سیٹ چھوڑ ی اور ضمنی الیکشن میں ان کے بھائی مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین منتخب ہوئے۔ان کے انتقال پرضمنی انتخاب میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے داماد رانا طاہر اقبال نے کامیابی حاصل کی ہے۔ان کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے کیمپ آفس پر کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ، پارٹی قائدین کے حق میں نعرے بازی کی اور آتش بازی کا مظاہرہ کیاگیا،مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کیامیدوار رانا طاہرکو ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگی امیدوار کی واضح برتری عوام کیاعتماد کی عکاسی کرتی ہے، عوام نے انتشار کے بجائے ترقی وخوشحالی کے حق میں فیصلہ سنایا۔